i بین اقوامی

لبنان کی سمت سے اسرائیل پرراکٹوں کی بارش، حزب اللہ کا صفد پر حملے کا دعویتازترین

October 16, 2024

اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ بدھ کی علی الصبح لبنان کی سمت سے 50 راکٹ شمالی اسرائیل کی جانب داغے گئے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان لڑائی کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں بتایا کہ بعض راکٹوں کو فضا میں روک دیا گیا جبکہ دیگر راکٹ علاقے میں گرے۔ادھر حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس نے شمالی اسرائیل میں واقع شہر صفد پر راکٹوں کی بارش کر دی ، عرب میڈیا کے نمائندے کے مطابق حزب اللہ نے دو یہودی بستیوں دلتون اور دیشون میں اسرائیلی توپوں کو نشانہ بنانے کا دعوی کیا ہے۔اس سے قبل منگل کی شام اسرائیلی فوج نے اعلان کیا تھا کہ سرحد کے راستے لبنان سے اسرائیل آنے والے دو ڈرون طیاروں کا پتا لگا کر انھیں فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔دوسری جانب لبنانی وزارت صحت منگل کی شام بتایا کہ جنوبی لبنان میں کئی دیہات پر اسرائیلی حملوں میں 9 افراد جان کی بازی ہارگئے، مرنے والوں میں 3 بچے شامل ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 23 ستمبر سے اسرائیل نے حزب اللہ کے خلاف اپنی مہم تیز کر دی، اس دوران میں لبنان کے جنوبی علاقوں، بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے الضاحیہ، مشرقی علاقے البقاع اور شمالی حصے پر شدید فضائی حملے کیے گئے۔اسی طرح اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں کئی قصبوں میں داخل ہونے کی کوشش کی، اسرائیل نے اسے "محدود زمینی آپریشن" قرار دیا ہے۔ستمبر کے آخری ہفتے کے آغاز سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 1300 سے زیادہ شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی