چین کے شمال مغربی صوبہ شانشی کے شی آن میں ایک قدیم بازار کے کھنڈرات سے 680 سے زائد بدھا کے مجسمے اور پگوڈا کی مورتیاں دریافت ہوئی ہیں۔یہ مجسمے تانگ خاندان کے دور اقتدار(618 تا 907)سے تعلق رکھنے والے ایک اہم تجارتی مرکز "مشرقی بازار" کے کھنڈرات میں ایک گڑھے میں دریافت ہوئے ہیں۔چائنیز اکیڈمی آف سوشل سائنسز کے تحت انسٹیٹیوٹ آف آرکیالوجی سے تعلق رکھنے والے ہان جیان ہوا نے بتایا کہ بدھا کے مجسمے مٹی، سرامک اور پتھر سے بنے ہوئے ہیں اور ان میں سے بیشتر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، مزید بتایا کہ انہیں بہتر تحفظ اور مزید تحقیق کیلئے پیک کر کے دوسری جگہ منتقل کر دیا گیا ہے۔بدھا کے بہت سے مجسموں کو رنگین نقاشی اور سونے کے عناصر سے سجایا گیا ہے جو تانگ خاندان کے دوران بدھ آرٹ کا ایک منفرد انداز تھا۔ہان کی قیاس آرائیوں کی بنیاد پر مجسموں کا تعلق بدھ ہال یا سڑک پر واقع دکان کے گودام سے ہو سکتا ہے۔ماہرین آثار قدیمہ کو مشرقی بازار کے کھنڈرات میں راستے، نکاسی آب کے گڑھے اور گھروں کی بنیادوں کے ساتھ ساتھ تانگ خاندان کے ثقافتی آثار کی ایک بڑی تعداد بشمول "تین رنگوں والے پیالے" بھی ملے ہیں۔مارکیٹ کے کھنڈرات 1950 کی دہائی کے آخر میں دریافت ہوئے تھے۔ 1 ہزار میٹر سے زیادہ طویل اور 924 میٹر سے زیادہ چوڑی یہ سائٹ تقریبا ایک مربع کلومیٹر کے رقبے پر پھیلی ہوئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی