امریکی محکمہ انصاف نے کابل ائیرپورٹ دھماکے میں ملوث دہشت گرد کی عدالت میں پیشی پرشریف اللہ کوداعش کا کارندہ قراردیا۔ غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق کابل ائیرپورٹ دھماکے میں ملوث گرفتار دہشت گرد شریف اللہ کو امریکی ریاست ورجینیا کی عدالت میں پیش کیا گیا۔امریکی محکمہ انصاف نے عدالت میں شریف اللہ کو داعش کا کارندہ قرار دیا، وفاقی جج نے ملزم کو مقدمات کی سماعت کے دوران جیل میں رکھنے کا حکم دیا۔ملزم نے گزشتہ ہفتے سماعت میں دہشتگرد تنظیم کو مدد فراہم کرنے کا اعتراف کیا تھا اور جج سے بات کیلئے مترجم کی خدمات لی تھیں۔امریکی محکمہ انصاف نے بتایا تھا کہ شریف اللہ نے ایک حملہ آور کو کابل ایئرپورٹ کا رستہ دکھایا تھا اور دیگر دہشت گردوں کو بتایا راستہ صاف ہے اور خود کش بمبار کو پہچانا نہیں جاسکے گا۔
داعش کمانڈر نے داعش حملوں میں معاونت فراہم کرنے کا بھی اعتراف کرتے ہوئے بتایا تھا کہ جون 2016 میں کینیڈین سفارتخانے پر خودکش حملے اور 22 مارچ سن 2024 ماسکو کے قریب کرکس سٹی ہال پر حملے میں بھی تعاون کیا۔یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2021 میں امریکی فوج کے افغانستان سے انخلا کے دوران کابل ایئرپورٹ پر بم دھماکے میں 13 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے ذمے دار داعش کے دہشت گرد محمد شریف اللہ کی گرفتاری میں تعاون پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا تھا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ امریکی فوجیوں کے قتل میں ملوث دہشت گرد کو امریکا لایا جارہا ہے، امریکیوں کو یقین دلاتا ہوں، دہشتگرد امریکی نظام انصاف کی تلوار کا سامنا کرے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی