i بین اقوامی

جرمنی میں فیسٹیول کے دوران چاقو سے حملہ، 3 افراد ہلاک 4 زخمیتازترین

August 24, 2024

جرمنی کے شہر سولنگن میں ایک تہوار کے دوران چاقو کے حملے میں 3 افراد ہلاک اور 4 دیگر زخمی ہوگئے۔ ترجمان پولیس نے بتایا کہ فرار ملزم کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اور وسیع علاقے کو سیل کردیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق جائے وقوعہ پر بڑی تعداد میں پولیس موجود تھی جس میں خصوصی فورسز اور ہیلی کاپٹر شامل تھے، حملہ آور نے بلاتفریق لوگوں پر چاقو سے حملے کیا۔ یہ تہوار شہر کی 650 ویں سالگرہ منانے کے لیے تقریبات کے سلسلے کا حصہ تھا۔ سولنگن کے میئر ٹم اولیور کرزیاخ نے آن لائن پیغام میں کہا ہے کہ اس حملے کے بعد پورا شہر صدمے، دہشت اور شدید غم میں مبتلا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب مل کر خوشیاں منانا چاہتے تھے لیکن اب ہمیں مرنے والوں اور زخمیوں کا سوگ منا رہے ہیں۔ ٹم اولیور کرزیاخ نے جائے وقوعہ پر کام کرنے پر ایمرجنسی سروسز کا شکریہ ادا کیا اور حملے کے عینی شاہدین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سن کر کہ ہمارے شہر پر حملہ ہوا ہے میرا دل افسردہ ہوتا ہے، جب میں ان لوگوں کے بارے میں سوچتا ہوں جنہیں ہم نے کھو دیا ہے تو میری آنکھوں میں آنسو آتے ہیں، میں ان تمام لوگوں کے لیے دعا گو ہوں جو اب بھی اپنی زندگی کے لیے لڑ رہے ہیں۔ نارتھ رائن ویسٹ فیلیا ریاست کے وزیر اعظم ہینڈرک ووئسٹ نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں صدمے اور غم کا اظہار کیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی