i بین اقوامی

جنوبی لبنان میں اسرائیلی فورسزاور حزب اللہ جنگجوئوں کے درمیان جھڑپیں جاری، اسرائیلی بمباری میں بچوں سمیت 17 افراد شہید ہو گئےتازترین

October 08, 2024

بیروت ،تل ابیب (آئی این پی )جنوبی لبنان میں اسرائیلی فورسزاور حزب اللہ جنگجوئوں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں، اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں بچوں سمیت 17 افراد شہید ہو گئے، اسرائیل نے آپریشن وسیع کر تے ہوئے سمندر سے حملے کرنے کا اعلان کیا ہے، جھڑپوں میں 12 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنان کی سرحد پر اپنی زمینی کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جنوبی لبنان میں اسرائیلی افواج نے اپنے مزید دستے پہنچا دئیے ہیں، اسرائیل نے تین ریزرو بریگیڈز کے دستوں کی ویڈیو جاری کر دی۔ اسرائیلی جھڑپوں اور چھاپوں کے دوران سرحدی قصبوں یارون، یارین، کفر کرالاہ اور مارون الراس کے ساتھ ساتھ بلیدہ اور دیگر کونشانہ بنایا گیا۔تین حملے جنوب میں واقع قصبے نبطیہ التحتا میں کیے گئے۔اسرائیلی بمباری سے بنت جبیل کے علاقے کے ساتھ ساتھ ساحلی شہرصور کو بھی نشانہ بنایا جہاں دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔جنوبی لبنان میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں بچوں سمیت 17 افراد شہید ہو گئے، لبنان کے کئی قصبوں میں اسرائیلی فورسز اور حزب اللہ کے جنگجوں کے درمیان جھڑپیں ہو رہی ہیں،لبنان کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کے حملے میں 10 فائر فائٹرز مارے گئے جس نے جنوب میں یونین آف بنت جبیل میونسپلٹی کی عمارت کو نشانہ بنایا۔حزب اللہ نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ بالائی الجلیل اور شہر حیفا کی طرف درجنوں راکٹ فائر کیے گئے۔ اسرائیل کی جانب داغے جانے والے میزائلوں کی تعداد 60 سے زائد ہوگئی ہے۔ اسرائیل کے حملوں پر حزب اللہ کے جوابی وار میں بارہ فوجی ہلاک ہو گئے۔

اس دوران لبنان پر اسرائیلی بمباری کے بعد مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل کے مختلف علاقوں میں فوجیوں پرمیزائل اور سیکڑوں راکٹ حملے کردئیے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز حزب اللہ نے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں اسرائیلی انٹیلی جنس یونٹ اور شمالی اسرائیل کے مختلف علاقوں میں میزائل اور راکٹ حملوں سے فوجیوں کو نشانہ بنایا اور 190 راکٹ داغے۔اسرائیلی میڈیا کا بتانا ہے کہ تل ابیب میں موساد ہیڈکوارٹرز کے ساتھ واقع انٹیلی جنس یونٹ کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ جبکہ اسرائیل نے حزب اللہ کے 5 میں سے کچھ راکٹ مار گرانے اور باقی خالی علاقے میں گرنے کا دعوی کیا ہے ۔ ۔دریں اثناء اسرائیل نے جنوبی لبنان میں سمندر سے حملے کرنے کا اعلان کر دیا۔اسرائیلی فوج کے عربی زبان کے ترجمان اویچائی ادرئی نے ایکس پر لوگوں کو ایک فوری انتباہ جاری کیا ہے کہ وہ اگلی اطلاع ملنے تک لبنان کے دریائے الاولی سے لے کر سمندر کے ساحل کے کنارے جانے یا کشتیوں پر سوار ہونے سے گریز کریں، فوج اس بار سمندر سے حزب اللہ کے خلاف دوبارہ فوجی آپریشن شروع کرے گی۔ادرائی نے لبنانیوں کو ان علاقوں میں جانے کے خلاف بھی خبردار کیا جہاں دریا الاولی لبنان اور اسرائیل کی سرحد سے تقریبا 60 کلومیٹر شمال میں واقع صیدا شہر میں داخل ہوتا ہے، یہ انتباہ اسرائیلی فوج کی جانب سے ایک ہفتے میں دوسری بار جنوبی لبنان میں زمینی آپریشن کے آغاز کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔ادرائی نے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ الجلیل فارمیشن 91 کی افواج جن میں ریزرو بریگیڈ الیگزینڈرونی 3، حزین 8 اور نحال الشمالی 228 کے جنگجو شامل ہیں نے جنوبی لبنان میں ایک مرکوز اور مخصوص زمینی آپریشن شروع کیا ہے۔انہوں نے کہا جنگ کے آغاز سے ہی یہ ڈویژن جنوبی لبنان میں زمینی اور فضائی کارروائیوں کی قیادت کر رہی ہے، انہوں نے نشاندہی کی کہ حالیہ ہفتوں میں ڈویژن کی فورسز نے سیکڑوں حملے کئے اور درجنوں حزب اللہ کے ارکان کو ہلاک کیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی