ٹیسلا کے شنگھائی پلانٹ نے مارچ کے دوران 88 ہزار 869 گاڑیاں فراہم کیں جو گزشتہ برس کی نسبت 35 فیصد زائد ہے۔ چائنہ پیسنجر کار ایسوسی ایشن کے مطابق شنگھائی میں امریکی کار ساز ادارے کا تحقیق و ترقی اور اختراع مرکز اب تیار شدہ گاڑیوں اور چارجنگ آلات پر زیادہ سے زیادہ اصل ترقیاتی کام کررہا ہے۔ ٹیسلا میں سافٹ ویئر انجینئرنگ کے نائب صدر ڈیوڈ لا کے مطابق چین میں کمپنی کی ٹیمز اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ یہ چینی صارفین کے لئے مصنوعات کو اپنی مرضی کے مطابق بنا سکتی ہے۔ کمپنی کے شنگھائی پلانٹ نے 2022 میں 7 لاکھ 10 ہزار گاڑیاں فراہم کی تھیں جو 2021 کی نسبت 48 فیصد زائد ہیں۔ ٹیسلا گیگا فیکٹری کا قیام 2019 میں عمل میں آیا تھا۔ یہ کار ساز کمپنی کی امریکہ سے باہر پہلی گیگا فیکٹری ہے ۔ اس کا صنعتی چین میں مقامی حصہ 95 فیصد سے زائد ہے جبکہ اس کے 99.99 فیصد ملازمین چین کے شہری ہیں۔ چائنہ ایسوسی ایشن آف آٹوموبائل مینوفیکچررز کے مطابق چین عالمی سطح پر نئی توانائی گاڑیوں کی سب سے زیادہ پیداوار اور فروخت کی منڈی ہے۔ رواں سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران ملک بھر میں 9 لاکھ 33 ہزار نئی توانائی گاڑیاں فروخت ہوئی تھیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی