یورپی یونین کے ممالک نے یوکرین کے لیے مشترکہ طور پر گولہ بارود خریدنے کے لیے دو بلین یورو کے منصوبے پر اتفاق کر لیا،غیر ملکی میڈیاکے مطابق یورپی یونین کے وزرائے دفاع اور خارجہ نے برسلز میں ہونے والے اجلاس کے دوران یوکرین کو اگلے 12مہینوں میں 10لاکھ آرٹلری شیلز فراہم کرنے کے اقدام کی حمایت کی ہے،اجلاس کی صدارت کرنے والے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں مذکورہ منصوبے کو 27ممالک کے بلاک اور ناروے کے لیے ایک تاریخی فیصلہ قرار دیا ہے،انہوں نے کہا کہ ہم یوکرین کو مزید آرٹلری گولہ بارود فراہم کرنے کے اپنے وعدوں کو پورا کرنے کی طرف ایک اہم قدم اٹھا رہے ہیں، 18ممالک نے دفاعی صنعت کے ساتھ گولہ بارود کے مشترکہ آرڈر دینے کے لیے یورپی دفاعی ایجنسی (EDA) کے منصوبے پر دستخط کیے ہیں،دوسری جانب یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا نے جوزپ بوریل اور بلاک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین نے ایک بار پھر روسی جارحیت کی وجہ سے درپیش تاریخی چیلنجوں کے سامنے پرعزم قیادت کا مظاہرہ کیا،یوکرین نے یورپی یونین کو بتایا تھا کہ وہ ایک ماہ میں تین لاکھ 50ہزارگولے چاہتا ہے تاکہ اس کے فوجیوں کو ماسکو کے حملے کو روکنے میں مدد ملے اور انہیں سال کے آخر میں تازہ جوابی کارروائی شروع کرنے کی اجازت دی جا سکے،علاوہ ازیں امریکی محکمہ خارجہ نے بھی اعلان کیا ہے کہ امریکا یوکرین کو 350ملین ڈالر کا اسلحہ اور ساز و سامان بھیجے گا، جس میں مختلف قسم کے گولہ بارود، جیسے راکٹ، اور ایندھن کے ٹینکر ٹرکوں اور کشتیوں کی ایک نامعلوم تعداد شامل ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی