یونا ن کے سیاحتی جزیرے سینٹورینی میں چند گھنٹوں کے اندر 11 مرتبہ ہلکی شدت کے زلزلے آنے کے بعد حکام نے پیر کے روز سکول بند رکھنے کا حکم دیدیا ۔ زلزلوں کے ایک سلسلے سے علا قہ لرز اٹھا۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سینٹورینی اور قریبی جزائر ریکارڈ شدہ تاریخ میں آتش فشانی کا سب سے بڑا مقام ہیں۔ اس کے گرد وپیش کے سمندر میں جھٹکوں کے ایک سلسلے کے بعد شہری تحفظ کے وزیر واسیلیس ککیلیاس سمیت سرکاری حکام نے اس اقدام کا حکم دیا۔ہلکی شدت کے درجنوں زلزلے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں جن میں اب تک شدید ترین زلزلے کی شدت 4.6 تھی۔ایتھنز یونیورسٹی کے شعبہ جیو فزکس کے مطابق 4.1 اور 4.5 شدت کے زلزلوں نے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔اس سے پہلے چند گھنٹوں کے اندر 11 مرتبہ زلزلہ آیا۔ ایتھنز نیوز ایجنسی کے مطابق حکام نے کہا کہ زلزلے آتش فشاں کی سرگرمی کے بجائے ارضیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہیں۔یونانی حکام نے شہریوں سے مطالبہ کیا کہ وہ بند جگہوں پر بڑے اجتماعات سے گریز کریں اور بعض تعمیر شدہ علاقوں سے دور رہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی