i بین اقوامی

یو اے ای نے ترکیہ میں سب سے بڑا فیلڈ اسپتال قائم کر دیاتازترین

February 14, 2023

ترکیہ اور شام میں گزشتہ ہفتے آنے والے قیامت خیز زلزلے کے بعد دنیا بھر سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں متحدہ عرب امارات نے بھی ترکیہ میں سب سے بڑا فیلڈ اسپتال قائم کردیا،متحدہ عرب امارات کی جانب سے قائم کیا جانے والا یہ سب سے بڑا فیلڈ اسپتال ترکیہ کے زلزلے سے متاثرہ علاقے غازی عنتاب میں قائم کیا گیا ہے تاکہ متاثرین کو بروقت طبی امداد کی فراہم کی جاسکے،عرب میڈیا کے مطابق 50بستروں پر مشتمل یہ فیلڈ اسپتال 40ہزار مربع میٹر پر قائم کیا گیا ہے جس میں 4بیڈ پر مشتمل انتہائی نگہداشت کا وارڈ بھی بنایا گیا ہے،اس فیلڈ اسپتال کا گزشتہ روز افتتاح کیا گیا جس میں ترکیہ میں متعین اماراتی سفیر سعید الظاہری اور ترک عہدیدار شریک ہوئے۔ اس موقع پر سعید الظاہری کا کہناتھا کہ زلزلہ متاثرین کی فوری ضروریات کی نشاندہی کے لیے ترکیہ کے سرکاری اداروں سے رابطے میں ہیں،فیلڈ اسپتال کے کمانڈر بریگیڈیئر عبدللہ الغیثی نے بتایا کہ اسپتال میں تمام ضروری سیکشن قائم کیے گئے ہیں اور مختلف امراض کے ماہر 15ڈاکٹروں سمیت 60نرسیں اور تکنیکی کارکن مقرر کیے گئے ہیں،یو اے ای کا یہ فیلڈ اسپتال ترکیہ میں انسانی امداد مشن کے حوالے سے قائم کیا جانے والا پہلا اور سب سے بڑا فیلڈ اسپتال ہے، جس میں پیچیدہ اور بڑے آپریشن بھی کیے جاسکیں گے،واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں گزشتہ ہفتے آنے والے ہولناک زلزلے میں اموات کی تعداد 37ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور اس میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی