یمن کے دارالحکومت صنعا پر امریکی فضائی حملوں میں 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔یمن کے حوثی باغیوں کی وزارت صحت کے مطابق اتوار وپیر کی درمیانی رات امریکا نے دارالحکومت صنعا کے ضلع فروا میں ایک بازار اور رہائشی علاقے پر بمباری کی جس کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے۔یمنی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ وسطی صوبہ مارب، مغربی شہر الحدیدہ اور شمالی علاقے صعدہ میں بھی امریکی فضائی حملے کیے گئے۔ان حملوں میں جانی نقصان کی اطلاعات فی الحال موصول نہیں ہوئیں۔یاد رہے کہ امریکی فوج یمن پر گزشتہ ایک ماہ سے تقریبا روزانہ کی بنیاد پر فضائی کارروائیاں کر رہی ہے۔امریکا کا کہنا ہے کہ وہ حوثی دہشت گردوں کو نشانہ بنا رہی ہے تاکہ خلیج میں بین الاقوامی جہاز رانی پر حملے روکے جا سکیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی