i بین اقوامی

یحییٰ سنوار کی شہادت کے باوجود حماس کے حوصلے بلند ہیں، اسرائیلی اخبارتازترین

October 28, 2024

فلسطین کی مزاحمتی حکمراں جماعت حماس کے کمانڈر یحیی سنوار کی شہادت کے بعد بھی حماس کے حوصلے بلند ہیں اور مجاہدین نے ہتھیار ڈالنے سے انکار کردیا۔اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی مجہادین کا کہنا ہے کہ اسماعیل ہانیہ اور یحیی سنوار کی شہادت کے بعد ہمارے پاس کھونے کے لیے کچھ نہیں بچا۔قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس کی قید میں موجود اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات کی تیاریاں جاری ہیں۔ قطر میں مقیم ذرائع نے اسرائیلی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ غزہ میں اسرائیلی فوج سے جھڑپ میں حماس کے سینئر رہنما یحیی سنوار کی شہادت کے بعد دوحہ میں مقیم اس کے عہدے داران میں یہ احساس پیدا ہوا ہے کہ ان کے پاس اب کھونے کے لیے کچھ نہیں بچا۔ذرائع نے وضاحت کی کہ یہ سوچ اور فکر یرغمالیوں کی رہائی کیلیے ہونے والے مذاکرات پر اثر انداز ہوگی اور حماس کے نقطہ نظر پر گہرے اثرات مرتب کرے گی، کیونکہ وہ تاحال قیدیوں کو چھوڑنے کیلیے اپنی شرائط پر ڈٹے رہنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جن میں سے اولین شرط غزہ میں مستقل جنگ بندی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ دوحہ میں ہونے والی بات چیت کے بعد جو بھی نکات طے پائیں گے ان پر غزہ میں فوجی کونسل سے مشاورت کی جائے گی جو اگلے اقدامات کیلئے اپنے نمائندوں کی رہنمائی کرے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ دوحہ اور غزہ کے درمیان رابطوں میں پیچیدگی کی وجہ سے مشاورتی عمل میں کئی دن بھی لگ سکتے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی