حزب اللہ نے پہلی بار اسرائیلی فوج کے ہیڈ کوارٹر اور وزارت دفاع پر ڈرونز سے حملے کا دعوی کردیا جبکہ حزب اللہ کے ہاتھوں زمینی کارروائی میں اسرائیل کے 6 فوجی ہلاک ہوگئے دوسری جانب اسرائیل لبنان میں زمینی آپریشن کو مزید وسعت دیتے ہوئے مزید کئی دیہات میں زمینی کارروائیاں شروع کردی ہیں جبکہ لبنان میں جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں ۔میڈیارپورٹس کے مطابق لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں اسرائیلی فوج کے ہیڈکوارٹر اور وزارت دفاع کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کے اہم دفاعی اداروں اور کمرشل مراکز پر فضائی حملوں کیلئے پھٹنے والے ڈرونز کے اسکواڈرن کا استعمال کیا گیا ہے۔ادھرلبنان میں حزب اللہ کے ہاتھوں زمینی کارروائی میں اسرائیل کے 6 فوجی ہلاک ہوگئے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوجی سرحد کے قریب لڑائی میں ہلاک ہوئے۔ فوج نے ایک بیان میں کہا کہ فوجی جنوبی لبنان میں لڑائی کے دوران ہلاک ہوئے ہیں۔تازہ ہلاکتوں کے بعد 30 ستمبر سے اب تک حزب اللہ کے ساتھ لڑائی میں 47 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔ فوج کا یہ اعلان اسرائیل کے نئے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کے کہنے کے بعد سامنے آیا ہے کہ حزب اللہ کے خلاف جنگ میں کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے ایکس پر گولانی بریگیڈ کے نشان کی ایک تصویر شیئر کی جس یونٹ سے ہلاک فوجیوں کا تعلق تھا۔ حزب اللہ نے کہا کہ اس نے تل ابیب کے تجارتی مرکز میں اسرائیلی فوج کے ہیڈ کوارٹر پر بیلسٹک میزائل داغے ہیں جس میں وزارت دفاع بھی واقع ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان کے یونٹ نے کہا کہ وہ حزب اللہ کے الزامات پر ردعمل ظاہر نہیں کرے گا۔ دریں اثنا اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے لبنان سے اسرائیلی علاقے میں داخل ہونے والے پانچ پروجیکٹائل میں سے کچھ کو ناکاہ بنایا ہے۔
اسرائیلی فوج نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ لبنان سے اسرائیل پر بھاری تعداد میں راکیٹ فائر کیے گئے تھے۔اسرائیل کے مرکزی علاقوں میں سائرن کی آوازوں کے بعد ایک اور بیان میں اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ لبنان سے دو ڈرونز اور 40 میزائل اسرائیل کی جانب فائر کیے گئے جنہیں تباہ کردیا گیا، حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ حملے کہاں ہوئے اس مقام کی نشاندہی نہیں کی گئی۔ ۔ دوسری طرف اسرائیلی فوج نے لبنان میں زمینی کارروائی کا دائرہ مزید وسیع کردیا ہے۔ العربیہ/الحدث ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ لبنان میں زمینی کارروائی کے دوسرے مرحلے میں جانے کے لیے اسرائیل سے سیاسی منظوری حاصل کی گئی تھی۔ذرائع نے مزید کہا کہ اسرائیلی قیادت نے جنوبی لبنان کے اضافی دیہات کو شامل کرنے کے لیے زمینی کارروائی کو مزید گہرا کرنے کا فیصلہ کیا۔ زمینی کارروائی کو مزید گہرا کرنا سیاسی دبا کے دائرے میں آتا ہے۔ جنوبی لبنان کے یحمر الشقیف قصبے پر اسرائیلی توپ خانے کی گولہ باری کے ساتھ اسرائیلی طیاروں نے جنوبی لبنان کے متعدد علاقوں پر بمبار کی۔ اسرائیلی توپ خانے نے جنوبی لبنان کے قصبے یحمر الشقیف پر بھی 155 ایم ایم فاسفورس گولوں سے بمباری کی جس سے متعدد مکانات جل کر مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ اسرائیلی ڈرون نے گائیڈڈ میزائل سے جنوبی قصبے کفر رمان کے علاقے التابلاین کو نشانہ بنایا۔ لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اعلان کیا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے قصبے صدیقین اور کفر رمان قصبے پر حملہ کیا۔یک اسرائیلی ڈرون نے جنوبی قصبے یحمر الشقیف اور جنوبی قصبے الشعیتیہ میں ایک موٹر سائیکل کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں۔ اسرائیلی توپ خانے نے جنوبی لبنان میں دریائے لیتانی کے راستے کو نشانہ بنایا۔اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے کئی قصبوں کو نشانہ بناتے ہوئے حملے شروع کیے ہیں۔اسرائیلی جنگی طیاروں نے لبنان کے چوف علاقے اور لبنان کے متعدد علاقوں میں الگ الگ حملے کئے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی