i بین اقوامی

حج کا اختتام،سعودی عرب نے عمرہ سیزن کا آغاز کردیاتازترین

July 12, 2023

سعودی عرب نے حج کے اختتام کے بعد باضابطہ طور پر عمرہ سیزن شروع کردیا۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودیہ عرب کی وزارت حج اور عمرہ کی جانب سے عمرہ پرمٹ جاری کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے اور پہلے مرحلے میں مملکت میں رہنے والوں اور خلیجی ممالک کے شہریوں کو پرمٹ جاری کیے جائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی شہری اور خلیجی ممالک سے آنے والے زائرین نسک اور توکلنا موبائل ایپلی کیشنز سے ضروری اجازت نامے حاصل کر سکتے ہیں۔ موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے اجازت نامہ حاصل کرنے کا مقصد زائرین کے لیے نئے تجربے کو بڑھانا ہے جو سعودی ویژن 2030 کا ایک حصہ ہے۔ نسک ایپلی کیشنز عمرہ پرمٹ کے عمل کو آسان بنانے کے لیے ہے جس کا مقصد عمرہ کے لیے آنے والوں کی تعداد کو برقرار رکھنا ہے۔ اس کے علاوہ نسک کو ہیلتھ پلیٹ فارم توکلناکے ساتھ منسلک گیا ہے جو انتظامیہ کو مملکت میں آنے والوں کی صحت سے متعلق معلومات فراہم کرتی ہے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ نے مختلف ممالک سے آنے والے عمرہ زائرین کو بھی خوش آمدید کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی زائرین کے داخلے کے عمل کو تیز کرنے کے لیے عمرہ کے لیے الیکٹرانک ویزے متعارف کرائے گئے ہیں جس سے وہ آسانی کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز کر سکتے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی