i بین اقوامی

غزہ، لبنان اور شام میں اسرائیلی وحشیانہ حملے جاری، غزہ میں تازہ حملے میں 36،لبنان میں 23افراد شہید،غزہ یمں 2 روز میں 85 فلسطینی شہید ہوگئےتازترین

November 11, 2024

اسرائیلی فوج کی جانب سے خطے کے ممالک پر وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے ۔صیہونی فورسز نے غزہ، لبنان اور شام میں حملے کیے جہاں غزہ کے جبالیہ کیمپ پر پیر کے روز حملے میں 36 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ 2 روز میں فلسطینی شہدا کی تعداد85ہوگئی ہے ، لبنان کے دارالحکومت بیروت کے شما ل میں بھی اسرائیلی حملے میں 23 لبنانی شہری شہید ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے اتوار کے روز بھی غزہ میں وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری رکھا جہاں اتوار کو 49 فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ دو روز کے دوران اب تک اسرائیلی حملوں سے غزہ میں 85 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔دوسری جانب صیہونی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے شمالی حصے کو نشانہ بنایا جہاں المات گائوں پر حملے میں 23 لبنانی شہری شہید ہوگئے۔لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہیکہ اسرائیل حملوں کے نتیجے میں روزانہ کی بنیاد پر 35 سے زائد شہری شہید ہورہے ہیں۔علاوہ ازیں اسرائیلی فوج نے بمباری کر کے شام کے دارالحکومت دمشق کے نزدیک حزب اللہ کے ایک اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا۔ جس کے نتیجے میں کم از کم تین افراد جاںبحق ہو گئے۔ شام میں جنگ کی مانیٹرنگ سے متعلق ایک ادارے کے مطابق اسرائیل کا فضائی حملہ سیدہ زینب کے علاقے میں ہوا۔ جہاں اسرائیلی بمبار طیاروں نے حزب اللہ کے زیر کنٹرول عمارت کو نشانہ بنایا تھا۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ بمباری دو رہائشی علاقوں میں کی گئی جہاں حزب اللہ کے ارکان رہتے ہیں۔

شام کی سرکاری خبر رساں ا دارے 'سانا' نے بھی اسرائیلی بمباری کو ایک رہائشی عمارت پر قرار دیا ہے۔ یہ رہائشی عمارت سیدہ زینب کے علاقے میں ہے۔ تاہم رپورٹ میں ہلاک ہونے والوں اور زخمیوں کی کوئی تعداد ذکر نہیں کیا گیا ۔دریں اثناء اسرائیلی فوج نے پیر کے روز دعوی کیا ہے کہ اس نے یمن کی سمت سے داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو فضا میں تباہ کر دیا۔اسرائیلی نشریاتی ادارے کے مطابق میزائل کی باقیات گرنے کے نتیجے میں بیت المقدس کے مغربی علاقے میں آگ بھڑک اٹھی۔ اسرائیلی فائر بریگیڈ کے ادارے کے مطابق جہاز اس کے کارکنان آگ بجھانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔یمن میں حوثی جماعت اسرائیل کے اندر اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش میں میزائلوں کو داغتی ہے تاہم ان میں زیادہ تر کو فضا میں روک دیا جاتا ہے۔رواں سال جولائی اور ستمبر میں یمن میں الحدیدہ کی بندرگاہوں کو اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے حملوں کا نشانہ بنایا۔ یہ کارروائیاں حوثی جماعت کی جانب سے اسرائیل کی سمت ڈرون طیارے اور میزائل بھیجے جانے کے جواب میں کی گئیں۔ ادھر ایران نواز گروہوں کے اتحاد المقاوم الاسلامیہ فی العراق(آئی آر آئی) نے پیر کے روز چار ڈرون حملوں کی ذمہ داری قبول کی جن میں اسرائیل میں "اہم اہداف" کو نشانہ بنایا گیا۔آئی آر آئی کے جنگجوں نے ٹیلی گرام پر پوسٹس کے ایک سلسلے میں اعلان کیا کہ انہوں نے شمالی اور جنوبی اسرائیل میں حملے کیے تھے لیکن اہداف کے بارے میں مخصوص تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی