اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ وہ اس بات کے بارے میں بڑے واضح ہیں کہ غزہ جنگ کا کوئی فریق بھی جنگ بندی میں دلچسپی نہیں رکھتا ہے۔ غیرملکی میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ میں بہت اچھی طرح یہ سمجھ گیا ہوں کہ غزہ میں جنگ کو روکنے کے لیے کوئی ایک فریق بھی دلچسپی نہیں رکھتا اور یہ بہت بڑا المیہ ہے، یہ ایک ایسی جنگ ہے جسے ضرور بند ہونا چاہیے۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے اس معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل جنگ بندی چاہتا ہے نہ حماس جنگ بندی چاہتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس جنگ کا خطرہ لبنان میں منتقل ہو رہا ہے اور ایک اور غزہ بننے جا رہا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق یو این سیکرٹری جنرل نے اس امر کا اظہار اس وقت کیا ہے جب دونوں فریق ایک دوسرے پر جنگ بندی میں سنجیدہ نہ ہونے کا الزام لگاتے ہیں، اسرائیل کی طرف سے ہر مذاکراتی مرحلے کے موقع پر نئی تجاویز پیش کی جاتی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی