غزہ جنگ بندی مذاکرات کی شرائط پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے اپنی ہی مذاکراتی ٹیم سے اختلافات سامنے آگئے ،برطانوی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نے جنگ بندی مذاکرات کے دوران مصر سے ملحقہ غزہ پٹی کے فلاڈیلفی کاریڈار کاکنٹرول چھوڑنے کی مخالفت کردی تھی جبکہ مذاکراتی ٹیم مذاکرات کے نتیجے میں کسی معاہدے پر پہنچنے کیلئے اس کے حق میں تھی،اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسرائیل کسی صورت فلاڈیلفی کاریڈار کے کنٹرول سے دستبردار نہیں ہوگا اور وہاں چیک پوائنٹوں کو برقرار رکھا جائے گا، اسرائیلی مذاکراتی ٹیم نے اس نکتے پر اسرائیلی وزیراعظم سے اختلاف کرتے ہوئے شرائط میں نرمی پر زور دیا تھا،رواں ہفتے اسرائیلی میڈیا پر بھی نیتن یاہو کی اسرائیلی انٹیلیجنس چیف کی سربراہی میں جنگ بندی مذاکرات میں شریک اسرائیلی مذاکراتی ٹیم سے ناراضگی کی خبریں سامنے آئی تھی،اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو نے جنگ بندی مذاکرات کے دوران زیادہ رعایتیں دینے پر مذاکراتی ٹیم سے اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی