غزہ میں اقوام متحدہ اور مقامی وزارت صحت کے حکام کی مشترکہ کوششوں سے پولیو ویکسی نیشن مہم جاری ہے، گزشتہ روز غزہ میں تقریبا 72 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین دی گئی،عرب میڈیا کے مطابق اس مہم کے دوران غزہ کے کچھ علاقوں میں عارضی جنگ بندی کی گئی ہے، اتوار کے روز غزہ کی پٹی میں پولیو کے قطرے پلانے کی مہم باضابطہ طور پر شروع ہوئی، اقوام متحدہ نے اعلان کیا کہ یہ مہم مرحلہ وار فلسطینی پٹی کے تمام علاقوں میں چلائی جائے گی، جو تقریبا 11ماہ سے تباہ کن جنگ کا سامنا کر رہی ہے، اس کے ساتھ "انسانی جنگ بندی" بھی ہو گی، جس کی شرائط مکمل طور پر واضح نہیں ہیں۔غزہ کی پٹی میں گزشتہ ماہ ایک چوتھائی صدی میں پولیو کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد اقوام متحدہ نے ویکسینیشن مہم کا اعلان کیا تھا، وسطی غزہ کی پٹی میں ایک دس ماہ کے بچے میں پولیووائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی