فلسطینی حکام نے اقوام متحدہ کی ایک قرارداد کے حق میں ووٹنگ کا خیرمقدم کیا ہے جس میں بین الاقوامی عدالت انصاف (آئی سی جے)سے مشرقی بیت المقدس سمیت فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کے قانونی نتائج کے بارے میں رائے دینے کو کہا گیا ہے۔جمعہ کے روز ہونیوالی ووٹنگ میں اقوام متحدہ کی 193 رکنی جنرل اسمبلی میں قرارداد کے حق میں 87 مخالفت میں 26 ووٹ پڑے جبکہ 53 ممبران نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیا۔فلسطینی ایوان صدر کے ترجمان نبیل ابو رودینہ نے کہا کہ ووٹنگ اس بات کا ثبوت ہے کہ پوری دنیا ہمارے عوام اور ان کے ناقابل تنسیخ تاریخی حقوق کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی صدر محمود عباس نے فلسطینیوں کے حق کے ساتھ کھڑے ہونیوالے تمام ممالک اور اس قرارداد کو کامیاب بنانے کیلئے کام کرنیوالے تمام فریقین کا شکریہ ادا کیا ہے۔قرارداد میں آئی سی جے سے کہا گیا کہ وہ مقدس شہر بیت المقدس کی آبادیاتی ساخت، کردار اور حیثیت کو تبدیل کرنے اور اس سے متعلقہ امتیازی قانون سازی اور اقدامات کو اپنانے کے اقدامات سمیت اسرائیل کے قبضے، آباد کاری اور الحاق کے قانونی نتائج کے بارے میں ایک مشاورتی رائے دے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی