چین کے نائب وزیر اعظم ہوچھون ہوا نے ایران کے دارالحکومت تہران میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی ہے ۔نائب وزیر اعظم ہو نے ا س ملاقات کے دوران رئیسی کو چینی صدر شی جن پھنگ کی جانب سے نیک تمناں کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے ایرانی صدر کو اکتوبر میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 20ویں قومی کانگریس کی اہم کامیابیوں اور دور رس اہمیت سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ شی اور رئیسی نے جولائی میں فون پر بات چیت کی اور ستمبر میں ایک ملاقات کی تھی جس میں دونوں رہنما چین اور ایران کے درمیان تعلقات کو گہرا کرنے پر اہم اتفاق رائے پر پہنچے تھے ۔ہو نے کہا کہ چین ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو تزویراتی نقطہ نظر سے دیکھتا ہے اور جامع تزویراتی شراکت داری کو فروغ دینے کے اپنے عزم سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ چین بیرونی مداخلت کی مخالفت بارے ایران کے موقف کی حمایت کرتا ہے اور اس کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کے تحفظ میں مضبوطی سے حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین ایران کے ساتھ مل کر دونوں ملکوں کے سربراہان مملکت کے مابین طے پانے والے اہم اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چین۔ ایران جامع تعاون کے منصوبے پر عمل درآمد کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے اور دوطرفہ عملی تعاون میں نئی پیشرفت کو فروغ دینے کے لیے تیار ہیں۔ اس موقع پر رئیسی نے بات چیت میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ایران اور چین روایتی دوستی سے لطف اندوز ہورہے ہیں اور یہ کہ دونوں ملکوں کے دو طرفہ تعلقات اہم اسٹریٹجک اہمیت کے حامل ہیں۔ایرانی صدر نے کہا کہ اس بات سے قطع نظر کہ بین الاقوامی اور علاقائی منظر نامے میں کیا تبدیلی رونما ہوتی ہے، ایران دونوں ملکوں کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے پوری قوت سے پرعزم رہے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی