i بین اقوامی

چینی فٹبال ایسوسی ایشن کے سابق نائب سربراہ کو رشوت خوری پر 11 سال قید کی سزاتازترین

August 19, 2024

چین کی ایک عدالت نے چینی فٹبال ایسوسی ایشن کے سابق نائب صدر لی یویی کو رشوت خوری کا جرم ثابت ہونے پر 11 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ چین کے وسطی صوبے ہوبے کے شہر جنگ ژو میں انٹرمیڈیٹ پیپلز کورٹ کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق لی پر 10 لاکھ یوآن (تقریبا ایک لاکھ 39 ہزار 860 امریکی ڈالر) کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ رشوت سے حاصل شدہ غیر قانونی فوائد ضبط کرکے انہیں سرکاری خزانے میں جمع کرادیا جائے گا۔ ادھر ہوبے کی جیایو کانٹی کی عوامی عدالت نے ووہان فٹبال ایسوسی ایشن کے سابق ایگزیکٹو نائب صدر اور سیکرٹری جنرل فو شیانگ کو بھی غبن، رشوت لینے اور دینے کے جرم میں 11 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالتی بیان کے مطابق ووہان فٹبال انتظامی مرکز کے سابق سربراہ فو پر 14 لاکھ یوآن کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔ ان کی غبن کردہ رقم واپس لیکر اور رشوت سے حاصل شدہ غیر قانونی فائدے ضبط کرکے سرکاری خزانے میں جمع کرادی گئی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی