چینکے شہر ہائیکو اور روسی دارالحکومت ماسکو کے درمیان نئی مسافر فضائی پر واز کاآغاز ہو گیا، صوبے ہائی نان کے شہر ہائیکو کے ہائیکو میلان بین الاقوامی ہوائی اڈے سے پہلی پرواز ایچ یو 765 گزشتہ روزمقامی وقت کے مطابق علی الصبح 2 بجکر 38 منٹ پر ماسکو کیلئے روانہ ہوئی ۔ ہائی نان ایئر لائنز کے ذریعہ چلائے جانے والی یہ پرواز ہر پیر، بدھ اور ہفتہ کو چلائی جائے گی ۔ یہ پرواز ہائیکو سے رات اڑھائی بجے روانہ ہوگی اور مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 40 منٹ پر ماسکو کے شیرمیتیوو بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچے گی۔ روٹ کے آپریٹر نے بتایا کہ واپسی کی پرواز ماسکو سے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر 25 منٹ پر روانہ ہوگی اور اگلے دن (بیجنگ کے وقت کے مطابق) صبح 5 بجے ہائیکو پہنچے گی۔ حالیہ برسوں میں ہائی نان نے بین الاقوامی فضائی راستوں کو شروع کرنے اور ان کے دوبارہ آغاز کی کوششوں میں اضافہ کیا ہے۔ رواں سال مئی تک صوبے سے 46 غیر ملکی مسافر روٹس چل رہے تھے جن کی تعداد رواں سال کے آخر تک 62 تک پہنچنے کی توقع ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی