چین میں نجی معیشت کی جا نب سے بحالی کی سمت بڑھنے کے ساتھ ملک کے اعلی اقتصادی منصوبہ ساز نے نجی سرمایہ کاری کی مزید حوصلہ افزائی کے لیے تفصیلی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ قومی ترقی و اصلاحات کمیشن کی پیر کے روز جاری کردہ دستاویز میں نجی سرمایہ کاری کے فروغ کی اہمیت کو مکمل طور پر تسلیم کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ دستاویز میں مقرر کردہ اثاثہ سرمایہ کاری میں نجی سرمایہ کاری کا حصہ مناسب سطح پر برقراررکھنے کی کوششوں کا عہد بھی کیا گیا ہے۔ قومی ترقی و اصلاحات کمیشن نے کہا کہ وہ نجی سرمایہ کاری کو ان منتخب صنعتی شعبوں میں منتقل کرنے کی بطور خاص سفارش کرے گا جن کی مارکیٹ صلاحیت زبردست ہے۔ ان میں ٹرانسپورٹ، پانی کی بچت، صاف توانائی، نیا بنیادی ڈھانچہ، جدید مینوفیکچرنگ اور جدید سہولیات سے آراستہ زراعت جیسے شعبے ہیں شامل ہیں جس کی صنعتی پالیسیاں قومی حکمت عملی کے تحت ہیں۔ قومی ترقی و اصلاحات کمیشن کے مطابق تجویز کردہ سرمایہ کاری منصوبوں کی ایک فہرست مرتب کی جائے گی اور نجی سرمایہ کاروں کو ان منصوبوں سے متعارف کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم قائم کیا جائے گا۔ قومی ترقی و اصلاحات کمیشن نے نجی سرمایہ کاری منصوبوں میں مالی اعانت بہتر بنانے اور زمین کی فراہمی جیسے دیگر وسائل میں تعاون کو یقینی بنانے کا بھی وعدہ کیا۔اس میں نجی سرمایہ کاری منصوبوں کو رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ کی مصنوعات جاری کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی