چین میں انٹرنیٹ کی ترقی سے متعلق جاری ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق رواں سال جون تک چین میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد تقریبا 1.1 ارب تک پہنچ گئی جو 2023 کے اختتام کے مقابلے میں 74 لاکھ 20 ہزار زیادہ ہے۔ چین کے صوبے گوئی ژو کے شہر گوئی یانگ میں جاری چائنا انٹرنیشنل بگ ڈیٹا انڈسٹری ایکسپو 2024 کے دوران جاری کی گئی چائنا انٹرنیٹ نیٹ ورک انفارمیشن سینٹر(سی این این آئی سی) کی رپورٹ کے مطابق جون کے آخر تک چین میں انٹرنیٹ کی رسائی 78 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق ملک کی انٹرنیٹ صنعت نے سال کی پہلی ششماہی میں مضبوط ترقی کی رفتار کو برقرار رکھا۔ انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کرنے والے لوگوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے ساتھ ملک کی ڈیجیٹل معیشت کی تیز رفتار ترقی سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ ڈیجیٹل کھپت میں اضافے سے جنوری سے جون کی مدت کے دوران مقامی طلب میں اضافہ ہوا۔ قومی ادارہ برائے شماریات کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس عرصے کے دوران ملک کی آن لائن خوردہ فروخت گزشتہ سال کی نسبت 9.8 فیصد اضافے کے ساتھ تقریبا 71 کھرب یوان (تقریبا 995.7 ارب امریکی ڈالر) رہی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی