چین کی 82 رکنی امدادی ٹیم ائیر چائنہ کے چارٹرڈ طیارے پر 8 ہزار کلومیٹر سے زائد کی پرواز کے بعد بدھ کے روز اڈانا ائیر پورٹ پہنچی تاکہ ترکی میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مدد کی جا سکے۔چین کی امدادی ٹیم کے سربراہ ژا منگ نے بتایا کہ ٹیم مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بجکر30منٹ (پاکستانی وقت کے مطابق 6 بجکر 30 منٹ پر ) پہنچی۔اس کے ساتھ ہی مقامی صورتحال کے پیش نظر چینی امدادی ٹیم نے فوری طور پر سامان اتارنے اور ترکی میں چینی سفارتخانے، مقامی حکومت اور اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کے بعد جلد از جلد منتقلی کا کام شروع کیا۔ٹیم نے ریسکیو کی موجودہ پیشرفت کی بنیاد پر تلاش اور ریسکیو کے مخصوص مشن کی ذمہ داری سنبھالی اور مشن کی جگہ کا سروے کرنے اور کیمپ لگانے کے لیے محفوظ اور موزوں مقامات کا انتخاب کرنے بارے ایک ریسکیو ٹیم بھیجنے کا منصوبہ بنایا ہے۔چینی امدادی ٹیم کے نائب سربراہ وانگ مو نے کہا کہ اقوام متحدہ سے تصدیق شدہ ایک بھاری بھرکم شہری تلاش اور ریسکیو ٹیم کے طور پر چینی ریسکیو ٹیم بہترین اہلکاروں اور وسائل سے لیس ہے اور ایک ہی وقت میں دو مختلف کام کی جگہوں پر تلاش اور ریسکیو کی کارروائیاں انجام دے سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں پہنچنے کے بعد ٹیم آڈیو اور ویڈیو لائف ڈیٹیکٹرز، طبی آلات اور ریسکیو کتوں کو آفت زدہ علاقے میں لائے گی اور فوری طور پر تلاش اور ریسکیو کا کام شروع کرے گی۔ ترکی کے نائب صدر فوات اوختے کا حوالہ دیتے ہوئے ملک کی انادولو ایجنسی نے بدھ کے روز بتایا کہ ترکی میں شدید زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد 5ہزار 894 ہے اور 34ہزار810زخمی ہوئے ہیں۔ترکی میں چینی سفارت خانہ نے شِنہوا سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ ابھی تک کسی چینی شہری کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی