چینی قانون ساز سمندری ماحولیاتی تحفظ کے قانون میں ترمیم کے مسودے پر غور کر رہے ہیں جس میں احتساب اور تشخیص کے طریقہ کار کو اپنانے سے متعلق نئی شقیں شامل ہیں۔ نظرثانی کا مسودہ چین کی اعلی قانون ساز اسمبلی قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے جاری اجلاس میں دوسری بار مطا لعہ کے لیے پیش کیا گیا۔ پہلی بار مطا لعہ دسمبر 2022 میں ہوا تھا۔ مسودے میں کہا گیا ہے کہ سمندری ماحولیاتی تحفظ کے اہداف کو پورا کرنے میں ناکام رہنے والی مقامی حکومتوں کے عہدیداروں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا اور انہیں اصلاحی اقدامات کرنے کی ضرورت ہوگی۔ مسودے کے مطابق سمندری ماحول کو متاثر کرنے والی سرگرمیوں میں ملوث اداروں یا افراد کو آلودگی یا ماحولیاتی نقصان کو روکنے یا کم کرنے کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ اس دستاویز میں آلودگی کے کنٹرول کو مضبوط بنانے اور سمندر میں تابکار فضلے کے اخراج پر پابندی عائد کرنے کی بھی کوشش کی گئی ہے۔ سمندری ملبے کی نگرانی کا نظام قائم کیا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی