روس کے صدر ولاد یمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ تجارتی تعلقات کو تیزی سے بڑھا رہے ہیں، عالمی میڈیاکے مطابق روسی صدر نے دارالحکومت ماسکو کے کریملن پیلس میں چین کے وزیر اعظم لی چیانگ کے ساتھ ملاقات کرنے کے بعد جاری کردہ بیان میں کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان سالوں پر محیط وسیع پیمانے کے مشترکہ پلان اور اقتصادی و انسانی منصوبے زیرِ عمل ہیں،انہوں نے کہا کہ چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ مذاکرات کے بعد طے کردہ سمجھوتوں میں بھی پیش رفت ہوئی ہے۔ امید ہے کہ صدر شی رواں سال قازان میں متوقع برکس سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔روسی صدر نے وزیر اعظم لی چیانگ کے دورہ ماسکو کے دوران بھی متعدد سمجھوتوں پر دستخط کی طرف اشارہ کیا اور کہا ہے کہ آپ سے ملاقات ہمارے لئے باعثِ مسرت ہے۔ ہمارے چینی ہم منصبوں کی بھی کوششوں سے روس۔چین تجارتی تعلقات ترقی کر رہے اور کامیابی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان طویل المدت مشترکہ پلان اور اقتصادی و انسانی منصوبے زیرِ عمل ہیں۔ اس موقع پر چین کے وزیر اعظم لی چیانگ نے کہا کہ روسی صدر کی زیرِ قیادت روس نے 12سال میں مستحکم شکل میں اقتصادی ترقی کی ہے۔ رواں سال کے پہلے نصف میں روسی اقتصادیات نے 4،7فیصد بڑھوتی دِکھائی ہے۔ ہم، آپ کے ساتھ طے شدہ سمجھوتوں کو اعلی ترین سطح سے نافذ کرنے اور باہمی تعاون کو مستقل فروغ دینے کے لئے، تیار ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی