برطانیہ میں بس ڈرائیوروں نے تنخواہوں میں اضافے کی نئی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے یکم فروری سے ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں البیلیو کمپنی سے تعلق رکھنے والے یونائیٹ کے 1900 ممبران یکم، 2 اور 3 فروری کو ہڑتال کریں گے۔ یونائیٹ کے جنرل سیکرٹری شیرن گراہم کا کہنا ہے البیلیو کمپنی ایک مالدار کمپنی ہے جس نے یہ دولت ملازمین کی انتھک محنت کے بعد کمائی ہے ، کمپنی ملازمین کی توقعات کے مطابق مناسب تنخواہوں کی پیشکش کر سکتی تھی لیکن وہ ایسا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ یونائیٹ ملازمین کی نوکریوں، تنخواہوں اور سہولتوں کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے، البیلیو کے ملازمین کو ہر قدم پر ہماری حمایت حاصل رہے گی۔ تنخواہوں کے معاملے پر بس ڈرائیوروں کی ہڑتال کی صورت میں لندن میں 50 کے قریب روٹ متاثر ہونے کے امکانات ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی