i بین اقوامی

برکس کے نیو ڈویلپمنٹ بینک کی رکنیت منظور،تنظیم میں شمولیت کے لیے اہم قدم اٹھانے جارہے ہیں،الجزائرتازترین

September 02, 2024

الجزائر نے کہا ہے کہ اس کی برکس ممالک کے نیو ڈویلپمنٹ بینک(این ڈی بی )کی رکنیت کی منظوری دے دی گئی ہے،اس اہم ترقیاتی ادارے میں شامل ہوکر تنظیم میں شمولیت کی جانب اہم قدم اٹھانے جارہے ہیں۔ عرب میڈیاکے مطابق الجزائر کی وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ برکس گروپ کے مالیاتی بازو این ڈی بی میں شامل ہو کر الجزائر عالمی مالیاتی نظام میں اپنے انضمام کے عمل میں ایک اہم قدم اٹھا رہا ہے۔حکام نے کہا کہ الجزائر کی رکنیت ملکی معاشی اشاریوں کی مضبوطی کی بدولت حاصل ہوئی جنہوں نے حالیہ برسوں میں قابلِ ذکر کارکردگی دکھائی اور ملک کو اعلی درجے کی ابھرتی معیشت کے طور پر اجاگر کیا۔وزارت نے کہاکہ افریقا کے قدرتی گیس کے سب سے بڑے برآمد کنندہ ملک الجزائر کو برکس بینک کی رکنیت سے درمیانی اور طویل مدت میں اپنی اقتصادی ترقی کو سہارا دینے اور مضبوط کرنے کے نئے امکانات ملیں گے۔ واضح رہے کہ برکس گروپ (جس کا نام بانی اراکین برازیل، روس، انڈیا، چین اور جنوبی افریقا کے ابتدائی ناموں سے اخذ کیا گیا ہے)کے بینک کا مقصد عالمی بینک اور آئی ایم ایف جیسے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کا متبادل پیش کرنا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی