امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ امریکا چاہتا ہے کہ اسرائیل، لبنان اور اس کے اطراف میں اپنے حملوں میں کمی لائے ۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ شہریوں کی اموات کی تعداد بہت زیادہ ہے، ہم بیروت اور اس کے ارد گرد اسرائیلی حملوں میں کمی دیکھنا چاہتے ہیں اور ہم مذاکرات چاہتے ہیں جس سے دونوں طرف کے شہری اپنے گھروں کو واپس جا سکیں۔انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کے امن دستوں ( یو این آئی ایف آئی ایل) کی سکیورٹی کا مسئلہ اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے ساتھ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ہونے والے متعدد واقعات کے باوجود اقوام متحدہ کی فورس کو نشانہ بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ غزہ کے حوالے امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ غزہ کے شہریوں کو وہ انسانی امداد ملنی چاہیے جو انہیں زندہ رہنے کے لیے درکار ہیاور اس کا زیادہ حصہ ان تک پہنچنا چاہیے۔ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جی7 ممالک کے وزرائے دفاع نے لبنان میں اقوام متحدہ کے امن دستوں اور لبنانی مسلح افواج کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی