بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ گورو گوگوئی کی اہلیہ پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے پاکستانی جاسوس قراردیا ہے ۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی جے پی رہنما نے بھارتی سیاستدان گورو گوگوئی کی بیوی پر پاکستانی جاسوس ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔بی جے پی کے ترجمان گورو بھاٹیہ نے حال ہی میں کانگریس ایم پی گوگوئی پر ایک سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اہلیہ الزبتھ کولبورن کا پاکستانی جاسوس کے ساتھ رابطہ ہے۔ انہوں نے الزام میں کہا کہ وہ اسلام آباد میں کلائیمیٹ اینڈ نالج ڈویلپمنٹ نامی ایک تنظیم کے ساتھ کام کرتی تھی، جس کی قیادت پاکستان کے پلاننگ کمیشن کے سابق مشیر علی توقیر شیخ کر رہے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ الزبتھ کولبورن کے پاس آج بھی برطانوی شہریت موجود ہے۔ رپورٹ کے مطابق بی جے پی ترجمان گورو بھاٹیہ نے کانگریس لیڈر راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ گورو گوگوئی کو ان کی اہلیہ الزبتھ کے پاکستانی جاسوس کے ساتھ تعلقات کی وضاحت طلب کی ہے۔بی جے پی ترجمان کے الزامات پر گورو گوگوئی بھی خاموش نہ رہ سکے اور انہوں نے بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کی فلم ٹائیگر زندہ ہے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ فلم میں اگر سلمان خان کی بیوی (اداکارہ کترینہ کیف) خفیہ ایجنٹ ہو سکتی ہے تو میں بھی بھارتی خفیہ ایجنسی کا ایجنٹ ہوسکتا ہوں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گورو گوگوئی نے مزید کہا کہ بی جے پی کے الزامات مضحکہ خیز اور بے بنیاد ہیں، بی جے پی صرف ان کے اپنے مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس عمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی جماعت کمزور ہو رہی ہے اور اپنی حمایت کھو رہی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی