بھارتی شہر گریٹر نوائیڈا کے گور سٹی اپارٹمنٹ کمپلیکس میں پیش آنے والے واقعے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس میں ایک خاتون کو ایک آٹھ سالہ بچے کو زدوکوب کرتے ہوئے دیکھا گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچہ ٹیوشن سے واپس آ رہا تھا اور اپارٹمنٹ کی لفٹ میں اکیلا موجود تھا۔ لفٹ کا دروازہ کھلا تو باہر کھڑی خاتون بغیر پٹے کے پالتو کتے کے ساتھ لفٹ کے اندر داخل ہوگئیں۔ بچہ گھبرا گیا اور مدبانہ انداز میں گزارش کی کہ کتے کو پٹہ ڈال کر لایا جائے، مگر اس معمولی درخواست پر خاتون شدید غصے میں آگئیں۔رپورٹ کے مطابق خاتون نے طیش میں آ کر بچے کو زبردستی لفٹ سے کھینچ کر باہر نکالا، اور لفٹ کا دروازہ بند کردیا۔ اطلاعات کے مطابق خاتون نے بچے کو تھپڑ مارے اور اسے شدید ہراساں بھی کیا۔ چند لمحوں بعد دروازہ دوبارہ کھلا، اور بچہ روتا ہوا لفٹ میں واپس آیا، جب کہ خاتون اس کا پیچھا کر رہی تھیں۔ یہ واقعہ منظرِ عام پر آتے ہی علاقے کے سیکڑوں رہائشی سراپا احتجاج ہوئے۔ لوگوں نے پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور دعوی کیا کہ مذکورہ خاتون کا رویہ پہلے بھی کئی بار متنازعہ رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ اپنے کتوں کی وجہ سے اکثر دیگر رہائشیوں سے جھگڑا کرتی رہی ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے خاتون کو گرفتار کر لیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ متاثرہ بچے اور اس کے اہل خانہ کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی