i بین اقوامی

بھارتی فوجی آپس میں لڑ پڑے' ساتھیوں پر فائرنگ میں 2 فوجی ہلاک'2 زخمیتازترین

November 28, 2022

بھارتی فوجی آپس میں لڑ پڑے، ساتھیوں پر فائرنگ میں 2 فوجی ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست گجرات میں پیرا ملٹری فورس کے اہل کار نے ساتھیوں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دو فوجی ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔گجرات میں ریاستی اسمبلی کے انتخابات کے دوران مختلف علاقوں میں فوجی اہل کاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔گجرات ہی کے ایک قصبے پور بندر میں پولنگ کے دوران امن و امان کی صورت حال کو قابو میں رکھنے کے لیے مامور فوجیوں کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی ہو گئی، جو بڑھ کر جھگڑے کی شکل اختیار کر گئی۔جھگڑے میں آپے سے باہر ایک فوجی اہلکار نے ساتھی اہل کاروں پر فائرنگ کر دی، پوربندر پولیس نے فائرنگ کرنے والے پیرا ملٹری فورس کے اہل کار کو گرفتار کر لیا ہے۔پوربندر کے کلکٹر اور ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر اے ایم شرما نے میڈیا کو بتایا کہ اہل کار ایکٹیو ڈیوٹی پر نہیں تھے، شام کے وقت لڑائی ہوئی جو بڑھ گئی اور AKـ47 رائفل سے گولیاں چلائی گئیں، انھوں نے مزید بتایا کہ اہل کار منی پور سے انڈیا ریزرو بٹالین (IRB) کا حصہ تھے اور انھیں سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز (CAPF) کے ساتھ گجرات میں تعینات کیا گیا تھا۔رپورٹس کے مطابق اس بات کی تفتیش کی جارہی ہے کہ تصادم کی وجہ کیا ہے۔پولیس رپورٹ میں ملزم کی شناخت کانسٹیبل ایس انوچاشِنگ کے طور پر کی گئی ہے اور ہلاک ہونے والوں کی شناخت تھوئیبا سنگھ اور جتیندر سنگھ کے ناموں سے ہوئی، جب کہ زخمیوں میں کانسٹیبل چوراجیت اور روہیکانہ شامل ہیں، ان سب کا تعلق منی پور سے بتایا گیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی