بھارتی ریاست مہاراشٹر میں مسلسل بارشوں کے بعد پہاڑی علاقے میں مٹی کا تودہ گرنے سے 10 افراد ہلاک اور 100 سے زائد لاپتا ہوگئے۔ بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے ضلع رائے گڑھ میں مٹی کا ایک بڑا تودہ گائوں ارشل واڑی پر گر گیا۔ مکانوں کے ملبے تلے درجنوں افراد دب گئے۔یہ گائوں دور افتادہ، پہاڑی اور جنگلات میں ہے جس کے باعث ریسکیو کے کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ ایک اندازے کے مطابق گاوں میں 225 افراد رہتے تھے۔ ریسکیو کے کاموں کے دوران ملبے سے 10 لاشیں برآمد ہوئیں جب کہ 75 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا اب بھی 100 سے زائد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے تاہم درست تعداد کا اندازہ نہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی