بھارت میں چلتے پھرتے اشتہارات کا ٹرینڈ چل پڑا ہے جس نے بھارتی شہریوں کو حیران کر دیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بنگلورو میں مردوں کے ایک گروپ نے فوڈ ڈیلیوری ایپ کی تشہیر کے لیے نیا طریقہ اپنا لیا۔ مگر یہ طریقہ شہریوں کے لیے درد سر بن گیا ہے۔ مذکورہ تصویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شئیر کی گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چند افراد اپنے پیچھے فوڈ ڈیلیوری ایپ کا اشتہار لیے گھوم رہے ہیں۔ڈیلیوری ایپ کے اشتہار میں 10 منٹ میں کھانا لوگوں تک پہنچانے کا پیغام ڈسپلے اسکرین پر دیکھا جا سکتا ہے۔ مارکیٹنگ کی یہ حکمت عملی متنازعہ قرار دی جانے لگی ہے جبکہ اسے انسانی اشتہارات کا نام گیا ہے۔ اشتہار چلانے کے اس طریقے نے سوشل میڈیا صارفین کو گہری تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ پوسٹ پر ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ سرمایہ داری وسائل کو انتہائی موثر طریقے سے استعمال کرنے کی کوشش کرتی ہے، لیکن یہ استحصال کا باعث بن سکتا ہے، خاص طور پر ہندوستان میں جہاں مزدوری سستی ہے۔ایک اور صارف نے لکھا کہ اشتہارات چلانے کی یہ ایک بدترین مثال ہے۔اشتہارات کے طور پر انسانوں کو استعمال کرنے پر صارفین کی جانب سے کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ غیر منصفانہ ہے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی