اسرائیلی فوج کے جنگ بندی معاہدے کے باوجود لبنان پرحملے جاری ہیں جس میں مزید 78 لبنانی شہری شہید ہوگئے،لبنانی فوج نے اسرائیلی افواج پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے جنگ بندی کے دوسرے دن مخصوص علاقوں میں واپسی کی کوشش کرنے والے افراد پر فائرنگ کی ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے مبینہ طور پر جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر متعدد حملے کیے جس میں 70 سے زائد لبنانی شہری شہید اور 266 زخمی ہوئے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے جاری حملوں میں لبنان میں مجموعی طور پر شہدا کی تعداد 4 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ادھر اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں رات کے اوقات میں کرفیو نافذ کردیا۔دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی افواج نے بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں تازہ حملوں میں کم از کم 42 افرادشہید ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے نصیرات میں رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا جس میں 9 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ نصیرات میں ہی دوسرے حملے میں ایک فلسطینی شہید اور الجزیرہ کا کیمرامین زخمی ہوا۔واضح رہے کہ اسرائیل کے غزہ میں جاری حملوں کے نتیجے میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک کم از کم 44 ہزار 330 فلسطینی شہید اورایک لاکھ سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ ادھر یمنی حوثیوں نے اسرائیل پر حملے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے اور امریکی اور برطانوی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعوی بھی کیا ہے۔ لبنان کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ جنوبی حصے میں اسرائیلی فائرنگ سے کم از کم دو افراد زخمی ہو گئے ۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے جنگ بندی کے دوسرے دن مخصوص علاقوں میں واپسی کی کوشش کرنے والے افراد پر فائرنگ کی ہے۔
امریکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکہ اور فرانس کی ثالثی میں طے پانے والے اس معاہدے میں ابتدائی دو ماہ کی جنگ بندی شامل ہے۔ اس کے تحت حزب اللہ کے عسکریت پسند دریائے لیتانی کے شمال سے انخلا کریں گے جبکہ اسرائیلی فوج کو سرحد کی طرف واپس جانا ہوگا۔ بفر زون میں لبنانی فوجی اور اقوام متحدہ کے امن دستے گشت کریں گے۔لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے مزید تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ سرحد کے قریب واقع مارکابا میں اسرائیلی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہو گئے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے سرحد کے قریب تین دیگر مقامات پر توپ خانے سے فائر کیا۔ فوری طور پر جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔سرحد کے قریب شمالی اسرائیل میں ایسوسی ایٹڈ پریس کے ایک رپورٹر نے اسرائیلی ڈرونوں کی آواز سنی اور لبنانی جانب سے توپ خانے کے حملوں کی آوازیں سنائی دیں۔اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کئی مشتبہ افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جو جنگ بندی کی شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنوبی لبنان کے متعدد علاقوں میں گاڑیوں کے ساتھ پہنچ رہے تھے۔بیان کے مطابق فوجی اہلکاروں نے ان کی جانب گولیاں چلائیں۔ اسرائیلی حکام نے کہا ہے کہ فوج کو بتدریج واپس بلایا جائے گا۔اسرائیل نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ان علاقوں میں واپس نہ جائیں جہاں فوجی تعینات ہیں اور کہا ہے کہ اگر حزب اللہ جنگ بندی کی شرائط کی خلاف ورزی کرتی ہے تو وہ اس پر حملہ کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ایک لبنانی فوجی اہلکار نے کہا کہ اسرائیلی فوجیوں کے انخلا کے بعد لبنانی فوجی آہستہ آہستہ جنوب میں تعینات ہوں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی