i بین اقوامی

اسرائیل میں پرتشدد احتجاج، نیتن یاہو کے خلاف مظاہرے شدت اختیار کر گئےتازترین

March 21, 2025

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے خلاف مظاہرے شدت اختیار کر گئے، جہاں پولیس نے واٹر کینن کا استعمال کرتے ہوئے کئی افراد کو گرفتار کر لیا۔ غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق مظاہرے تیسرے دن میں داخل ہوگئے ہیں جن میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ احتجاج شین بیٹ کے سربراہ رونین بار کی برطرفی اور غزہ پر دوبارہ حملے شروع کرنے کے فیصلے کے خلاف کیا جا رہا ہے۔ اسرائیلی مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکومت 59 اسرائیلی قیدیوں کو غزہ سے واپس لانے میں ناکام رہی ہے اور ملک کو آمریت کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جب سیکڑوں افراد وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے باہر پہنچے اور سیکیورٹی رکاوٹیں ہٹانے کی کوشش کی۔ اس دوران پولیس نے طاقت کا استعمال کیا اور کئی مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔تل ابیب میں بھی کریا ملٹری ہیڈکوارٹر کے باہر احتجاج کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جہاں نیتن یاہو کے حالیہ فیصلوں کے خلاف غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مظاہرین اور نیتن یاہو کے حامیوں کے درمیان شدید تلخ کلامی اور ہاتھا پائی بھی ہوئی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیل میں سیاسی تقسیم مزید گہری ہو رہی ہے۔

یاد رہے کہ نیتن یاہو نے 2022 کے آخر میں دائیں بازو کی حکومت قائم کی تھی، جس کے بعد سے متنازع فیصلوں پر عوامی ردعمل بڑھتا جا رہا ہے۔دوسری جانب اسرائیلی داخلی سلامتی ایجنسی شِن بیت کے سربراہ رونن بار کو برطرف کردیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کابینہ نے وزیراعظم نتین یاہو کے فیصلے کی توثیق کردی جس کے بعد رونن بار کو برطرف کردیا گیا ہے۔غیر ملکی خبر رساںادارے کے مطابق شن بیت نے حال ہی میں نیتن یاہو کے قریبی ساتھیوں کے خلاف خفیہ معلومات لیک کرنے کی تحقیقات شروع کر رکھی ہیں جس میں سے ایک پر مبینہ طور پر ایک غیر ملکی اخبار کو خفیہ دستاویز لیک کرنے کا الزام ہے۔ ادھر رونن بار نے وزیراعظم نیتن یاہو پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم7 اکتوبر حملے روکنے میں ناکامی پر تحقیقات سے بچنا چاہتے ہیں، نیتن یاہو چاہتے تھے کہ وہ ثالثوں سے سیز فائر پر بات چیت تو کریں تاہم کوئی معاہدہ نہ کریں۔رونن بار نے مزید کہا کہ اپنا ایجنڈا پورا کرنے کیلیے نیتن یاہو نے انہیں ہٹاکر اپنے خاص بندے کو مذاکرات میں بٹھادیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی