اسرائیل کی جانب سے لبنان پر بمباری میں شدت آ گئی ، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے مزید دستے سرحد پار جنوبی لبنان میں داخل ہو گئے،دوسری جانب لبنانی تنظیم حزب اللہ نے دھمکی دی ہے کہ اگر اسرائیل نے لبنان پر شدید بم باری کا سلسلہ جاری رکھا تو شمالی اسرائیل میں حیفا اور دیگر شہروں کو زیادہ بڑے پیمانے پر نشانہ بنایا جائے گا۔ غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق اسرائیل نے کہا ہے کہ حزب اللہ نے 180 کے قریب راکٹ فائر کیے۔ حزب اللہ کے حملے میں حیفا کی رہائشی عمارتوں، مکانات اور گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ۔ ترجمان اسرائیلی فوج نے بتایا کہ حزب اللہ نے اپنے عبوری سربراہ نعیم قاسم کے خطاب کے دوران دو الگ حملوں میں سے پہلے میں 85 اور دوسرے میں 20 راکٹس سے اسرائیل میں اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ ملک کے جدید ترین فضائی دفاعی نظام نے کچھ راکٹوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا جب کہ دیگر راکٹس حیفا شہر اور اس کے اطراف میں رہائشی عمارتوں پر گرے۔ترجمان اسرائیلی فوج نے دعوی کیا ہے کہ ان حملوں کے جواب میں اسرائیلی فوج نے راکٹس پھینکنے والے اکثر لانچرز کو بمباری کرکے تباہ کردیا تاہم آزاد ذرائع سے اسرائیلی فوج کے اس دعوے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ ادھرشمالی ساحلی شہر حیفہ میں شہریوں کو اپنی نقل وحرکت محدود کرنے کے لیے کہا گیا۔ لبنان کی سرحد سے متصل آبادیوں سے ہزاروں اسرائیلی شہری نقل مکانی کر رہے ہیں۔ اسرائیلی حکومت نے شہریوں کو خطرے سے خبردار کرنے کے ساتھ علاقے میں سکول بند کرا دئیے۔ اسرائیلی فوج نے منگل و بدھ کی درمیانی شب بیروت کے جنوبی نواحی علاقے الضاحیہ پر چار فضائی حملے کیے۔ اس کے علاوہ شمالی بقاع میں بعلبک شہر کے اطراف بالخصوص نبی شیت، دورس، الفاکہہ اور بریتال کے علاقوں کو بھی شدید بم باری کا نشانہ بنایا گیا۔
ادھر حزب اللہ نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر جاری بیان میں بتایا ہے کہ اس کے جنگجو جنوبی لبنان میں سرحدی علاقوں میں پیش قدمی کی کوشش کرنے والے اسرائیلی فوجی یونٹوں کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں۔وہ صہیونی ریاست پر فتح کے حصول تک حملوں کا سلسلہ ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔ تنظیم کے بیان کے مطابق جھڑپوں میں کم از کم 35 اسرائیلی فوجی اہل کار اور افسران مارے گئے اور 200 کے قریب زخمی ہوئے۔لبنان کے سرکاری میڈیا کے مطابق بیروت کے جنوبی نواحی علاقے اور حزب اللہ کے بنیادی گڑھ الضاحیہ پر اسرائیلی فوج کے مسلسل حملوں سے "بڑی تباہی" پھیلی ہے۔دریں اثناء اسرائیلی وزیراعظم نے لبنان کے عوام سے مخاطب ہو کر ایک بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے حزب اللہ کو بہت زیادہ کمزور کر دیا ہے۔ ہم نے ہزاروں دہشت گردوں کو ہلاک کیا، اس کے سربراہ حسن نصراللہ اور اس کے بعد آنے والے اور ان کے بھی بعد آنے والوں سمیت۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے لبنان کو غزہ بنانے کی دھمکی دیتے ہوئے لبنانی شہریوں کو کہا ہے حزب اللہ کا ساتھ چھوڑ کر غزہ جیسی تباہی سے بچ جائیں۔ آپ کے پاس لبنان کو بچانے کا موقع ہے اس سے پہلے کہ یہ ایک طویل مدتی جنگ کی کھائی میں گر جائے اور ایسی تباہی اور مصائب کا باعث بنے جیسی تباہی ہم غزہ میں دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں تم سے کہتا ہوں کہ لبنان کے لوگو، اپنے ملک کو حزب اللہ سے آزاد کرو تاکہ یہ جنگ رک جائے۔ قبل ازیں اسرائیلی فوج نے بیروت پر حملے میں حزب اللہ کے اہم کمانڈر سہیل حسین حسینی کو شہید کرنے کا دعوی کیا۔ دوسری جانب آئرلینڈ نے لبنانی بارڈر سے اپنا فوجی امن مشن واپس بلانے کی اسرائیلی درخواست مسترد کردی ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی