i بین اقوامی

اسرائیل فورسز کی غزہ پر بمباری میں کمی نہ آئی،مزید 31 فلسطینی شہیدتازترین

January 08, 2025

اسرائیلی فورسز کی غزہ کے نہتے مسلمانوں پر بمباری کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 31 فلسطینی لقمہ اجل بن گئے جبکہ 57 افراد زخمی ہوگئے،مغربی کنارے میں اسرائیلی گاڑیوں پر حملے میں 3 یہودی ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق مرکزی بوریج پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے میں بچے سمیت 4 فلسطینی شہید ہوگئے،جنوبی رفاہ پر دو اسرائیلی حملے ہوئے، 2 کسانوں سمیت 4 فلسطینی شہید ہوگئے، نصیرات پناہ گزین کیمپ میں دو فلسطینی شہید کر دیئے گئے۔مقبوضہ مغربی کنارے کے قصبے پر بھی بمباری کی گئی جس کے باعث متعدد شہادتوں کی اطلاعات ہیں، شہدا کی مجموعی تعداد 45 ہزار 885 ہوگئی، 1 لاکھ 9 ہزار 196 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں، اسرائیلی فوج مغربی کنارے میں بذریعہ ایمبولینس چھاپے مارنے لگی، ویڈیو سامنے آگئی۔اسرائیلی کارروائی میں 2 فلسطینی شہید ہوگئے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے، حماس کے ساتھ جھڑپوں میں اسرائیلی فوج کا کیپٹن اور ایک میجر ہلاک جبکہ 4 سپاہی زخمی ہوگئے۔ ڈرائیور سمیت 3 اسرائیلیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

مغربی کنارے کے ایک قصبے میں 2 مسلح افراد نے کار اور ایک بس پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کار اور مسافر بس پر فائرنگ میں 3 اسرائیلی ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔حملے میں ہلاک ہونے والوں میں 60 سال کی 2 خواتین اور 40 سالہ ایک مرد کو جائے وقوعہ پر مردہ قرار دے دیا گیا تھا۔زخمی ہونے والوں میں سے 3 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ مشتبہ حملہ آور نوجوان حلیے سے فلسطینی لگتے ہیں جن کی تلاش میں چھاپا مار کارروائی کی جا رہی ہیں۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حملہ آور ایک قریبی گاں میں فرار ہوگئے۔ شہری مشکوک افراد پر نظر رکھنے اور گرفتاری میں مدد کریں۔ادھر حماس نے اس حملے کو قابض اسرائیلی فوج کے جرائم کیخلاف دلیرانہ ردعمل کے طور پر سراہا ہے لیکن حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے خبردار کیا ہے کہ ایسے حملوں پر فوج کو طاقت سے جواب دینے کی ہدایت کی ہے۔

نتا ہے۔یاد رہے کہ اسرائیلی فوج کی جارحیت میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک مغربی کنارے میں تقریبا 800 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک ورلڈ فوڈ پروگرام(ڈبلیو ایف پی )نے غزہ کی پٹی میں اپنے امدادی قافلے پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی ہے ۔عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے معمول کی بریفنگ کے دوران غزہ کی پٹی میں اپنے امدادی قافلے پر اسرائیلی فائرنگ کی مذمت کی اور فریقین پر زور دیا کہ وہ پورے خطے میں انسانی امداد کی محفوظ فراہمی کی اجازت دیں۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ڈبلیو ایف پی کا کہنا ہے کہ تین گاڑیوں پر مشتمل قافلہ جس میں عملے کے8ارکان سوار تھے پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی اور کم از کم 16 گولیاں گاڑیوں کو لگیں، تاہم اس واقعے میں عملے کا کوئی رکن زخمی نہیں ہوا۔یو این ترجمان نے کہا کہ ورلڈ فوڈ پروگرام اور ہم تمام فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون کا احترام کریں، شہریوں کی حفاظت کریں اور غزہ میں انسانی امداد کو محفوظ طریقے سے گزرنے کی اجازت دیں۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی