ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقہ کے وزیر خزانہ پال چھان نے کہا ہے کہ ہانگ کانگ یورپ، امریکہ، آسٹریلیا اور مشرق وسطی کے سرمایہ کاروں کیساتھ تعلقات کو گہرا کرنے کیلئے سال کی دوسری ششماہی میں اپنی مارکیٹ رسائی کو توسیع دیناجاری رکھے گا۔ چین نے اپنے بلاگ میں نشاندہی کی کہ ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے کی مجموعی معاشی صورتحال مستحکم ہے اور دوسری سہ ماہی میں جی ڈی پی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 3.3 فیصد اضافہ ہواہے۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کے خرچ کرنے کے طریقوں میں تبدیلیوں اور نسبتا مضبوط ہانگ کانگ ڈالر نے نجی کھپت پر کچھ دباو ڈالا ہے تاہم کمپنیاں نئے کاروباری ماڈل تخلیق کر کے اور اعلی معیار کی مصنوعات اور خدمات کو فروغ دے کر چیلنجز پر قابو پا سکتی ہیں اور نئے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کی پہلی ششماہی میں ہانگ کانگ آنے والے 2 کروڑ 10 لاکھ سیاحوں میں سے تقریبا 7 لاکھ افراد اجلاس، ترغیبات، کانفرنسز اور نمائشوں میں شرکت کیلئے آئے جو وبائی مرض سے پہلے کی سطح کے 80 فیصد تک کی بحا لی ظاہر کرتا ہے جو ہانگ کانگ قیام کرنے والے سیاحوں کی تعداد میں سب سے تیز بحالی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ گروپ ہانگ کانگ میں زیادہ عرصے تک رہا اور مجموعی سیاحوں کے مقابلے میں فی کس 20 سے 30 فیصد زیادہ خرچ کیا۔ چھان نے کہا کہ ہانگ کانگ ٹورازم بورڈ نے اس سال سے 2026 تک ہانگ کانگ میں منعقد ہونے والے 60 سے زائد بڑے بین الاقوامی کنونشنز اور نمائشوں کے لئے بکنگ حاصل کی ہے ، توقع ہے کہ کم از کم 2 لاکھ 20 ہزار شرکا کو راغب کیا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی