i بین اقوامی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یمن کے حوثیوں کو ایک بار پھر دہشتگرد گروپ قرار دے دیاتازترین

January 24, 2025

امریکا کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یمن کے حوثی گروپ کو دہشت گرد قرار دے دیا۔وائٹ ہائوس سے جاری بیان کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی انتظامیہ نے ایک بار پھر یمن کے حوثی گروپ کی تحریک کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا۔ صدر ٹرمپ نے حوثی گروپ کو خصوصی طور پر نامزد عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد حوثی گروپ پر دوبارہ انتہائی سخت پابندیاں عائد کرنا ہے۔اس سے قبل صدر بائیڈن کی انتظامیہ نے حوثی گروپ کو دہشت گرد گروپوں کی فہرست سے نکال دیا تھا۔ وائٹ ہائوس کا مزید کہنا تھا کہ حوثیوں کی سرگرمیاں مشرق وسطی میں امریکی شہریوں اور اہلکاروں کی سلامتی، ہمارے قریبی علاقائی شراکت داروں کی حفاظت اور عالمی سمندری تجارت کے استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔امریکی پالیسی کے لیے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہو گی تاکہ ان کی صلاحیتوں اور کارروائیوں کو ختم کیا جا سکے۔ انہیں وسائل سے محروم کر دیا جاسکے اور اس طرح امریکی اہلکاروں اور شہریوں، امریکی شراکت داروں اور بحیرہ احمر میں سمندری جہاز رانی پر ان کے حملوں کو ختم کیا جا سکے۔ایران نے حوثی گروپ کو دہشت گرد قرار دینے کے امریکی اقدام پر ردعمل میں کہا ہے کہ حوثی گروپ کو دہشت گرد قرار دینا بے بنیاد ہے۔ یہ عمل یمنی عوام کے خلاف انسانی پابندیاں لگانے کا بہانہ ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی