امریکی صدارتی انتخابات 2024 میں گرین پارٹی بھی دو پارٹی سسٹم میں بطور سیاسی جماعت اپنے پنجے گاڑنے لگی ہے، امریکہ میں مسلم تنظیمیں غزہ میں فلسطینیوں پر ظلم کے خلاف گرین پارٹی کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔امریکی ریاست کیلفورنیا میں امریکن مسلم پبلک افیئر کمیٹی کے زیر اہتمام فنڈ ریزنگ تقریب کا انعقاد ہوا، امریکن مسلم کمیونٹی کے علاوہ دیگر اقلیتی شہریوں نے بھی بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کی، تقریب کے میزبان اور امریکن مسلم پبلک افیئر کمیٹی کے سینئر رکن استفا زیدی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔گرین پارٹی کی صدارتی امیدوار جل سٹین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم غزہ میں جاری نسل کشی کی مذمت کرتے ہیں اور انتخابات کے بعد بھی فلسطینی مسلمانوں پر ہونے والے جبر کیخلاف اپنی آواز اٹھاتے رہیں گے، غزہ میں وار مشین انسانیت کا قتل عام کررہی ہے، اس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔تقریب میں شریک دیگر مہمانوں نے خطاب میں کہا کہ بہت جلد وائٹ ہاس میں سفید اور سیاہ فام شہری اپنی حکومت بنائیں گے، گرین پارٹی انصاف، امیگریشن اور مسلمانوں کے خلاف استعمال ہونے والے تمام ہتھکنڈوں کے خلاف مثبت منشور رکھتی ہے۔تقریب کے اختتام پر میزبان اور امریکن مسلم پبلک افیئر کمیٹی کے سینئر رکن استفا زیدی نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم گرین پارٹی کے صدارتی امیدوار کی نامزدگی کی حمایت کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد کو لانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔امریکن مسلم پبلک افیئر کمیٹی کی جانب سے فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکا نے دل کھول کر چیک اور کیش کی صورت میں رقوم ادا کیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی