امریکی ریاست پنسلوانیا کے علاقے مانہیم ٹائون شپ میں ایک چھوٹا طیارہ ریٹائرمنٹ کمیونٹی کی پارکنگ میں گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے، تاہم زمین پر موجود افراد محفوظ رہے۔یہ حادثہ گزشتہ روز اس وقت پیش آیا جب ایک بیچ کرافٹ بونانزا سنگل انجن طیارہ لینکاسٹر ایئرپورٹ سے اوہائیو کے لیے روانہ ہوا، مگر تھوڑی دیر بعد ہی گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارہ بریدرین ولیج ریٹائرمنٹ کمیونٹی کی پارکنگ میں گرنے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آ گیا، جس سے متعدد گاڑیاں متاثر ہوئیں، تاہم کوئی عمارت متاثر نہیں ہوئی۔ریسکیو حکام نے موقع پر پہنچ کر جلتے ہوئے طیارے کی آگ بجھائی اور تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا۔ مانہیم ٹائون شپ پولیس چیف ڈواین فشر نے تصدیق کی کہ طیارے میں سوار تمام پانچ افراد زخمی ہوئے، مگر کسی کی جان نہیں گئی۔اس حادثے نے ایک بار پھر امریکا میں فضائی حادثات پر تشویش کو بڑھا دیا ہے، کیونکہ حالیہ مہینوں میں ایک فوجی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر اور ایک کمرشل جیٹ طیارے کے حادثے کے واقعات بھی پیش آ چکے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی