امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو فروری کے وسط میں اسرائیل اور عرب ریاستوں کا دورہ کریں گے جبکہ انہوں نے کہا ہے کہ جوہانسبرگ میں ہونے والی جی 20 سمٹ میں شرکت نہیں کروں گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو 13 سے 18 فروری تک میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت کے علاوہ اسرائیل، متحدہ عرب امارات، قطر اور سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔غزہ پر قبضے کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے بعد امریکی وزیرِ خارجہ کا مشرقِ وسطی کا یہ پہلا دورہ ہو گا۔ دریں اثناء امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ میں جوہانسبرگ میں ہونے والی جی 20 سمٹ میں شرکت نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میرا کام امریکی مفادات کو آگے بڑھانا ہے، امریکی ٹیکس کا پیسا ضائع کرنا نہیں اور نہ ہی امریکی دشمنی کو بڑھانا ہے۔ امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ مساوات اور پائیدار ترقی کے نام پر جی20 کا استعمال کررہا ہے مگر نجی املاک ضبط کرکے برا کام کررہا ہے۔ واضح رہے کہ جی20 وزرائے خارجہ کا اجلاس 20 فروری سے جنوبی افریقہ میں شروع ہورہا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی