امریکی مسلمان لاس اینجلس میں متاثرین آتشزدگی کی امداد کیلئے پہنچ گئے، آتشزدگی سے سینکڑوں مکانات خاکستر، ہزاروں افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق لاس اینجلس میں متاثرین آتشزدگی کی امداد کے لئے امریکہ کی سب سے بڑی مسلم فلاحی تنظیم اکنا ریلیف کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں، آتشزدگی سے سینکڑوں مکانات خاکستر، ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں ۔مسلم فلاحی تنظیم اکنا ریلیف کے سی ای او عبدالرف خان نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور آپریشن کی نگرانی کی۔ان کا کہنا تھا آتشزدگی کا علم ہوتے ہی اپنی ٹیم فوری طور پر متاثرہ علاقے میں روانہ کردی تھی، ہماری ٹیم نے متاثرین کو ابتدائی ضروریات، جیسے کھانے پینے کی اشیا، ادویات، اور کپڑوں کی فراہمی شروع کی۔عبدالرف خان نے مزید کہا کہ متاثرین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں ۔ اکنا ریلیف نہ صرف فوری امداد فراہم کرتی ہے بلکہ طویل المدتی بنیادوں پر بھی متاثرین کی بحالی کے لیے کام کرتی ہے، ہمارا مقصد ہے کہ متاثرین کی زندگی کو دوبارہ معمول پر لایا جائے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی