i بین اقوامی

امریکی انتخابات سے قبل انٹرنیٹ پر شوبز سے وابستہ شخصیات کی حمایت پر مشتمل فیک نیوز کی بھرمارتازترین

August 23, 2024

نیوز لٹریسی پراجیکٹ کے ماہرین نے کہا ہے کہ امریکی انتخابات سے قبل سوشل میڈیا پر فیک نیوز پھیلانے والوں نے ووٹروں کو متاثر کرنے کیلئے شو بز سے وابستہ معروف شخصیات کی حمایت پر مشتمل جعلی خبروں کو نیا ہتھیار بنا لیا ہے،برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق نیو لٹریسی پراجیکٹ کی تازہ رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ 2024کے صدارتی انتخابات میں سوشل میڈیا پر جعلی دعوں کے علاوہ صدارتی امیدواروں کیلئے سیلیبرٹیز اور معروف شخصیات کی حمایت کی جعلی پوسٹس کی بھرمار ہو گئی ہے،رپورٹ کے مطابق نیوز لٹریسی پراجیکٹ کی جانب سے جاری ڈیٹا بیس میں بتایا گیا ہے کہ ادارے کی جانب سے جعلی حمایت پر مبنی ہر 10وائرل پوسٹوں میں سے ایک کا تجزیہ کیا گیا،حالیہ صدارتی انتخاب سے قبل انتخابی مہم کے دوران 550کے قریب مس انفارمیشن کے منفرد معاملات سامنے آئے ہیں،رپورٹ کے مطابق ایسی جعلی حمایت کے دعوں کی تازہ ترین مثال ڈونلڈ ٹرمپ کے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر سامنے آیا جہاں انہوں نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے تخلیق کی گئی پوسٹ شیئر کی جس میں ٹیلر سوئفٹ کے پرستاروں کا ہجوم نظر آ رہا ہے جو خود کو سوئفٹیز فار ٹرم کہہ رہے ہیں،امریکی پاپ گلوکارہ کی اس حمایت سے متعلق اس پوسٹ پر ڈونلڈ ٹرمپ نے '' میں قبول کرتا ہوں'' لکھ کر اسے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کردیا،

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شیئر کیے گئے تصویروں کے کولاج میں ٹیلر سوئفٹ کو انکل سیم کی شرٹ پہنے ہوئے دکھایا گیا تھا تاہم وہ تصویر بھی جعلی نکلی، جبکہ ایک دوسری تصویر میں، جو کہ اصل معلوم ہوتی ہے، دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک نوجوان خاتون نے وہ شرٹ پہن رکھی ہے،رپورٹ کے مطابق ماضی میں امریکی گلوکار ٹیلر سوئفٹ نے ٹرمپ کو ان ہی کے دور حکومت میں سفید فام نسل پرستی کی آگ بھڑکانے کا ذمہ دار قرار دیا تھا جبکہ 2020کے انتخابات میں بھی انہوں نے جو بائیڈن کی حمایت کا اعلان کیا تھا تاہم اس مرتبہ تاحال انہوں نے کسی بھی صدارتی امیدوار کی حمایت نہیں کی،رپورٹ میں کہا گیا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے تیار کی گئی ایسی پوسٹس نیشنل فٹبال لیگ (این ایف ایل)کے ستاروں سے لیکر آرون راجرز، مورگن فری مین، موسیقار بروس اسپرنگٹن سمیت دیگر شوبز شخصیات اور مشیل اوباما جیسی سیاسی شخصیات کی جعلی اینڈورسمنٹ پر مبنی ہیں،رپورٹ میں بتایا گیا کہ صرف ان چار شخصیات سے منسوب جعلی پوسٹس کو 10ملین سے زیادہ ویوز ملے تھے،رپورٹ میں دعوی کیا گیا کہ نہ تو ٹیلر سوئفٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کی ہے، نہ ریان رینلڈ نے کملا ہیرس کے نام کی شرٹ پہنی اور نہ ہی امریکا کی کمیونسٹ پارٹی نے کبھی جو بائیڈن کی انتخابی مہم کی حمایت کی ہے،رپورٹ میں ایسی تمام پوسٹوں کو جعلی حمایت اور فیک نیوز قرار دیا گیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی