امریکا نے افریقی ملک سوڈان میں جنگ بندی کے بعد 245ملین ڈالر کی انسانی امداد کا اعلان کر دیا،غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ سوڈان اور اس کے پڑوسی ممالک کو 245ملین ڈالر کی انسانی امداد دے رہے ہیں،امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انسانی امداد سوڈان میں جاری بحران سے نمٹنے کے لئے دی جا رہی ہے،رپورٹس کے مطابق سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے نیم فوجی دستوں کے درمیان 15اپریل کو لڑائی شروع ہونے کے بعد سے محکمہ خارجہ کا اندازہ ہے کہ سوڈان کے اندر آٹھ لاکھ 40 ہزارلوگ بے گھر ہو چکے ہیں اور مزید اڑھائی لاکھ ملک چھوڑ چکے ہیں،یاد رہے کہ سوڈان میں دونوں فریقوں نے پیر کی رات سے شروع ہونے والی ایک ہفتہ محدود مدتی جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا،امریکا سمیت متعدد ممالک نے سوڈان میں محدود مدتی جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سوڈان کے دونوں فریق مکمل جنگ بندی کے لئے مذاکرات اور سیاسی عمل کو موثر بنانے پر توجہ مرکوز کریں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی