i بین اقوامی

امریکا کے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملےتازترین

December 09, 2024

شام میں آمر بشارالاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد امریکا نے داعش کے ٹھکانوں پر متعدد فضائی حملے کیے ہیں۔عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی ایئرفورس نے داعش کے 75 سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنایا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ داعش بشار حکومت کے خاتمے سے کوئی فائدہ نہ اٹھاسکے۔امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق داعش کے رہنمائوں، عسکریت پسندوں اور ٹھکانوں پر بمباری کی گئی ہے، اس کارروائی میں بوئنگ B-52 اور F-15 سمیت جنگی طیاروں نے حصہ لیا اور اب نقصانات کا تخمینہ لگاجارہا ہے۔ سینٹ کام کے کمانڈر جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے ایک بیان میں کہا بلاشبہ ہم داعش کو شام کی موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھانے اور دوبارہ منظم ہونے کی اجازت نہیں دیں گے، شام میں سرگرم تمام تنظیمیں کان کھول کر یہ بات سن لیں کہ اگر انہوں نے داعش کے ساتھ کسی بھی طرح کی شراکت یا حمایت کی تو ہم انہیں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا"۔واضح رہے کہ ابو محمد الجولانی کی قیادت میں شامی جنگجو تنظیم حیات تحریر الشام نے کئی روز سے جاری جھڑپوں کے بعد تیزی سے پیش قدمی کرتے ہوئے گزشتہ روز دمشق پر قبضہ کرکے بشار الاسد کی 24 سالہ حکومت کا تختہ الٹ دیا۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی