امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ امریکا اوربرطانیہ کے درمیان جلد ایک عظیم تجارتی معاہدہ ہوگا، روس یوکرین جنگ کا جلد خاتمہ چاہتا ہوں، روس یوکرین میں جلد جنگ بندی ہوجائے گی۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی برطانوی وزیراعظم سرکئیراسٹارمر سے وائٹ ہائوس میں ملاقات میں ہوئی جس میں یوکرین جنگ،نیٹو کے مستقبل ،تجارت اور ٹیرف سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں صدرٹرمپ نے سر کئیراسٹارمر کو اسپیشل شخص قرار دیا جبکہ سرکئیراسٹارمرنے بادشاہ چارلس کی جانب سے صدر ٹرمپ کو سرکاری سطح پر دورہ برطانیہ کادعوت نامہ بھی دیا۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ شاہ چارلس کے دورہ برطانیہ کی دعوت قبول کی ہے، امریکا اوربرطانیہ کے درمیان جلد ایک عظیم تجارتی معاہدہ ہوگا۔
ٹرمپ نے کہا کہ روس یوکرین جنگ کا جلد خاتمہ چاہتا ہوں، یوکرین کے ساتھ معدنیات کا معاہدہ روس کیخلاف کیف کی سلامتی کی ضمانت ہے۔یوکرین جنگ بندی معاہدہ سب کے مفاد میں ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ یوکرین جنگ بندی کی کوششیں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں، روس یوکرین جنگ بندی معاہدہ ابھی نہیں ہوا توپھرکبھی نہیں ہوسکے گا، اگر میں اس وقت امریکی صدر ہوتا تو روس یوکرین جنگ نہ ہوتی۔ اس موقع پر برطانوی وزیراعظم سر کیئراسٹارمر نے کہا کہ امریکا اور برطانیہ کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، امریکی صدر کی امن سے متعلق کوششیں قابل تعریف ہیں، روس یوکرین جنگ بندی کی کوششوں میں امریکا کے ساتھ ہیں۔برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ برطانیہ اور امریکا تجارت، دفاع اور دیگر شعبوں میں اہم شراکت دار رہے ہیں، مستقبل میں بھی دنیا میں امن کیلئے امریکا کے ساتھ مل کرکام کریں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی