بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ وہ امریکہ اور بھارت کے درمیان عالمی سٹریٹیجک شراکت داری کے خواہاں ہیں اور اپنے عوام کی بہتری کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے امریکہ کے اپنے دو روزہ دورے کے موقع پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر صدر ٹرمپ سے ملاقات اور امریکہ اور انڈیا کے درمیان ایک جامع عالمی سٹریٹیجک شراکت داری کے فروغ پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ہماری قومیں اپنے لوگوں کے مفاد اور کرہ ارض کے بہتر مستقبل کے لیے مل کر کام کرتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی، تجارت، دفاع، توانائی اور سپلائی چین سمیت دیگر شعبوں میں شراکت داری کو مزید بڑھانے کے ایجنڈا پر کام کریں گے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اور نریندر مودی کے درمیان ٹیرف میں کمی، تجارت میں اضافے اور حال ہی میں امریکا سے بھارتی شہریوں کی ملک بدری پر بات چیت متوقع ہے۔وائٹ ہاوس کی جانب سے نریندر مودی کو اس دورے کی دعوت صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارت کا منصب سنبھالنے کے ایک ہفتے بعد دی گئی تھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی