امریکی سپریم کورٹ کے ججوں کے اخلاقی ضابطوں میں اصلاحات کے معاملے پر سینیٹ میں اختلافات برقرار، جسٹس تھامس ایک بار پھر زیرِ تفتیش ہیں ۔ذاتی فوائد حاصل کرنے کے الزام میں امریکی سپریم کورٹ کے جسٹس کلیرنس تھامس سے ایک بار پھر تفتیش شروع کر دی گئی۔رپورٹ کے مطابق ارب پتی ریپبلکن ڈونر ہارلن کرو نے امریکی سپریم کورٹ کے جسٹس کلیرنس تھامس کے پوتے کیلئے نجی اسکول کی ٹیوشن فیس ادا کی۔گزشتہ ماہ ایک اور رپورٹ میں انکشاف ہوا تھا کہ مسٹر کرو نے جسٹس تھامس اور ان کی اہلیہ کے ساتھ تعطیلات کیلئے بھی فنڈنگ کی تھی۔سپریم کورٹ کے جسٹس تھامس کے دوست نے ان رپورٹس کو گمراہ کن قرار دیا جبکہ جسٹس تھامس نے برطانوی نشریاتی ادارے کو ردعمل دینے سے گریز کیا۔واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی سینیٹ کی کمیٹی برائے عدلیہ کی ایک میٹنگ میں سپریم کورٹ پر بل لانے پر غور کیا گیا تھا، بل کے ذریعے سپریم کورٹ پر نیا ضابطہ اخلاق لاگو کیا جائے گا۔ بحث کے دوران کمیٹی کے سامنے پیش گواہان 2 دھڑوں میں تقسیم دکھائی دیے، بل کے مخالفین نے سپریم کورٹ پر ایسا بل لانے کے اختیار پر سوال اٹھا دیا جبکہ بل کے حامیوں کا کہناتھا کہ سپریم کورٹ ججز نے خود پر ایسا کوئی اخلاقی ضابطہ لاگو نہیں کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی